کرکٹ کے میدان میں اپنی تیز گیندوں سے مخالف ٹیموں کو پریشان کرنے والے فاسٹ بولر یش دیال کو اس وقت ایک مشکل صورتحال کا سامنا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق انہیں یو پی ٹی 20 لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں حصہ لینے سے روک دیا گیا ہے۔ وہ اس لیگ میں گورکھپور لائنز کی ٹیم کا حصہ بننے والے تھے، لیکن اب وہ 17 اگست سے شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں نظر نہیں آئیں گے۔
یش دیال کے لیے یہ سال خاصا اہم رہا تھا، وہ اس سال کی آئی پی ایل میں فاتح ٹیم رائل چیلنجرز بنگلورو کا حصہ تھے۔ لیکن اب وہ قانونی اور ذاتی مسائل میں گھر گئے ہیں۔ ان پر ایک خاتون نے سنگین الزامات لگائے ہیں، جس کے بعد ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ جے پور میں بھی ان کے خلاف ایک اور کیس چل رہا ہے۔
ان الزامات کی وجہ سے اتر پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن نے سخت قدم اٹھاتے ہوئے انہیں لیگ میں کھیلنے سے روک دیا ہے۔ یہ فیصلہ ان کے کیریئر پر ایک بڑا سوالیہ نشان لگا رہا ہے۔