معروف ڈرماٹولوجسٹ ڈاکٹر فضیلہ عباسی نے حالیہ گفتگو میں اداکارہ ہانیہ عامر اور ماہرہ خان سے متعلق پھیلنے والی افواہوں پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں فنکارائیں قدرتی طور پر خوبصورت ہیں اور انہیں کسی فلرز یا بوٹاکس ٹریٹمنٹ کی ضرورت نہیں ہے۔
ڈاکٹر فضیلہ کا کہنا تھا کہ ہانیہ عامر ابھی نوجوان ہیں، ان کی جِلد اور خُوبصورتی بالکل نیچرل ہے، اس لیے انہیں ایسے کسی بھی علاج سے گریز کرنا چاہیئے۔
اسی طرح ماہرہ خان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بعض لوگ انہیں ناک کی سرجری کا مشورہ دیتے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ بعض ’’نامکملیاں‘‘ ہی ہماری اصل خوبصورتی کا حصہ ہوتی ہیں۔ ان کے مطابق ماہرہ خان کو بھی کسی فلرز یا بوٹاکس کی ضرورت نہیں ہے۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر فضیلہ عباسی کی بھابھی اور اداکار حمزہ علی عباسی کی اہلیہ نیمل خاور خان نے حال ہی میں اپنی ناک کی سرجری کروائی تھی جس پر سوشل میڈیا پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔