سیاست July 17, 2025 Shahbaz Sayed

پاکستان اور سلواڈور کے درمیان کرپٹو تعاون، بلال بن ثاقب کی صدر نایب بوکلے سے ملاقات

وزیر مملکت برائے کرپٹو اینڈ بلاک چین بلال بن ثاقب نے سلواڈور کے صدر نایب بوکلے سے اہم ملاقات کی، جسے پاکستان اور سلواڈور کے درمیان کرپٹو ڈپلومیسی کی سمت میں ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کرپٹو کونسل پاکستان اور حکومتِ سلواڈور کے درمیان باہمی تعاون کے لیے “لیٹر آف انٹنٹ” پر دستخط کیے گئے، اور اس حوالے سے ایک اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔

ملاقات میں کرپٹو کرنسی اور بلاک چین ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ اس جدید شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کریں گے اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کو ممکن بنائیں گے۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ بٹ کوائن اور دیگر ڈیجیٹل اثاثہ جات کے عالمی رجحان کے تناظر میں پاکستان نے پہلی بار ایل سلواڈور کے ساتھ باضابطہ سفارتی قدم اٹھایا ہے۔

یہ ملاقات مکمل طور پر بٹ کوائن اور ڈیجیٹل اثاثوں پر مرکوز رہی، اور ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت پاکستان کی طرف سے “بٹ کوائن پلس ڈپلومیسی” کا آغاز ہے، جو کہ ملکی معیشت کے لیے ایک نئی سمت متعین کر سکتی ہے۔