دنیا July 19, 2025 Shahbaz Sayed

ٹرمپ انتظامیہ کے فیصلے پر تنقید: 988 ہاٹ لائن سے LGBTQ+ کمیونٹی کا مخصوص آپشن ختم

واشنگٹن — ذہنی صحت اور خودکشی سے بچاؤ کے لیے قائم امریکی ہاٹ لائن “988” سے LGBTQ+ نوجوانوں کے لیے مخصوص “پریس 3” آپشن کو ہٹا دیا گیا ہے، جس سے اس کمزور طبقے کے لیے دستیاب اہم معاونت ختم ہو گئی ہے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، اب ہاٹ لائن پر کال کرنے والوں کو صرف دو آپشن — مرد اور خاتون — فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ تیسرا آپشن جو خاص طور پر ہم جنس پرستوں، ٹرانس جینڈر اور دیگر غیر روایتی صنفی شناخت رکھنے والوں کے لیے تھا، اسے خاموشی سے بند کر دیا گیا ہے۔

یہ سہولت جولائی 2022 میں متعارف کرائی گئی تھی تاکہ ایسے نوجوان جو اپنی شناخت، معاشرتی دباؤ یا خاندان سے لاتعلقی کی وجہ سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں، وہ ماہر اور ہم درد مشیروں سے رابطہ کر سکیں۔

لیکن اب محکمہ صحت و انسانی خدمات (HHS) کے مطابق، اس پائلٹ پروگرام کے لیے مختص فنڈز ختم ہو چکے ہیں۔ 2023 میں اس منصوبے کے لیے 29.7 ملین ڈالر اور 2024 میں 33 ملین ڈالر مختص کیے گئے تھے، جو جون 2025 تک مکمل طور پر خرچ ہو گئے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ اکتوبر 2020 میں اسی سابق صدر ٹرمپ نے ایک دو جماعتی بل پر دستخط کیے تھے جس کے تحت 988 کو نیشنل سوسائیڈ پریوینشن ہاٹ لائن کا شارٹ کوڈ بنایا گیا۔ اس بل میں باقاعدہ طور پر اعتراف کیا گیا تھا کہ LGBTQ+ نوجوان خودکشی کے خطرے سے چار گنا زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔

اب، اسی ٹرمپ انتظامیہ کے تحت ان کے لیے مخصوص سہولت کا خاتمہ کئی حلقوں میں تشویش کا باعث بن رہا ہے۔ انسانی حقوق کے کارکنوں، ماہرینِ نفسیات اور LGBTQ+ کمیونٹی نے اس فیصلے پر گہری مایوسی اور تنقید کا اظہار کیا ہے۔

یہ اقدام ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب امریکہ میں ذہنی صحت کا بحران بڑھ رہا ہے، اور نوجوان طبقہ بالخصوص خودکشی جیسے سنگین خدشات کا سامنا کر رہا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے وہ افراد مزید تنہائی اور مایوسی کا شکار ہو سکتے ہیں جن کے لیے یہ سروس امید کی ایک کرن تھی۔