ویتنام: سیاحتی بس حادثے میں 10 افراد ہلاک، وزیرِاعظم کا تحقیقات کا حکم

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق ویتنام میں ایک سیاحتی بس خوشیوں سے بھری سیر کو نکلی تھی، لیکن لمحوں میں قیامت کا منظر بن گئی۔ بس سڑک کنارے نصب رکاوٹوں سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق ہو گئے، جن میں دو معصوم بچے بھی شامل تھے۔
تاحال حادثے کی وجہ واضح نہیں ہو سکی، لیکن عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔
پولیس کے مطابق حادثے میں 12 افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری اسپتال منتقل کیا گیا۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے پر ویتنام کے وزیرِاعظم نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم جاری کیا ہے۔
یہ بھی یاد رہے کہ ویتنام میں رواں برس ٹریفک حادثات میں 5,000 سے زائد اموات ہو چکی ہیں، جب کہ سالانہ یہ تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر جاتی ہے، جو ایک سنگین مسئلے کی نشاندہی کرتی ہے۔