اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اور صحافی عبداللہ مہمند کے درمیان تنازعہ شدت اختیار کر گیا۔
پریس کانفرنس میں عبداللہ مہمند نے فیصل امین، کامران بنگش اور تیمور جھگڑا کے درمیان اختلافات اور صوبے کو فیصل امین کی زیر نگرانی چلانے سے متعلق سوال کیا، جس پر وزیراعلیٰ نے صحافی سے نام پوچھا اور ٹھیکے و رقم لینے کا الزام عائد کر دیا۔ اس الزام پر صحافی نے موقع پر ہی شدید احتجاج کیا۔
بعد ازاں عبداللہ مہمند نے اپنے وکیل غلام قاسم بھٹی کے ذریعے وزیراعلیٰ کو ہتک عزت کا قانونی نوٹس بھجوا دیا۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ علی امین گنڈا پور سات دن کے اندر عوامی طور پر معافی مانگیں، بصورت دیگر 11 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کریں اور قانونی کارروائی کا سامنا کریں۔
نوٹس کے مطابق معافی اسی طرح میڈیا اور افراد کی موجودگی میں مانگی جائے، جیسے الزام عائد کرتے وقت میڈیا موجود تھا۔