سیاست July 23, 2025 Shahbaz Sayed

وزیراعظم کی زیر صدارت نجکاری پر جائزہ اجلاس، قومی اداروں کی نجکاری کو تیز اور شفاف بنانے کی ہدایت

اسلام آباد — وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ریاستی ملکیتی اداروں (SOEs) کی نجکاری سے متعلق پیش رفت پر اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ وزراء، نجکاری کمیشن اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خسارے میں چلنے والے قومی اداروں کی نجکاری ملکی معیشت کی بحالی اور ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ نجکاری کے عمل کو موثر، جامع اور مستعدی سے مکمل کیا جائے، اور اس دوران تمام قانونی تقاضے اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم نے قومی اداروں کی قیمتی اراضی پر ناجائز قبضے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ نجکاری کے مراحل میں ان اراضیوں کی تصفیے میں ہر ممکن احتیاط برتی جائے تاکہ قومی مفاد کا مکمل تحفظ کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ نجکاری کے عمل میں سرخ فیتے اور غیر ضروری عناصر کی مکمل بیخ کنی کی جائے اور نجکاری کمیشن کو قانون کے مطابق مکمل خودمختاری دی جائے۔ وزیراعظم نے اعلان کیا کہ وہ خود نجکاری کی پیشرفت کی باقاعدہ نگرانی کریں گے تاکہ فیصلوں پر بروقت اور موثر انداز میں عمل درآمد ممکن بنایا جا سکے۔

وزیراعظم نے زور دیا کہ اداروں کی تشکیل نو اور نجکاری کے عمل میں پیشہ ور ماہرین کی مشاورت اور بین الاقوامی معیار کو ملحوظ رکھا جائے تاکہ شفافیت اور کارکردگی دونوں کو یقینی بنایا جا سکے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو سال 2024ء کے لیے نجکاری لسٹ میں شامل اداروں کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نجکاری کمیشن منتخب اداروں کی مرحلہ وار نجکاری کے دوران قانونی، مالیاتی اور انتظامی پہلوؤں کو مدنظر رکھ کر عمل درآمد کر رہا ہے، اور تمام عمل کابینہ سے منظور شدہ پروگرام کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔

وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ اس فہرست میں پی آئی اے، بجلی کی ترسیل کی کمپنیاں (ڈسکوز) اور دیگر ادارے شامل ہیں، جن کی نجکاری کو مقررہ معاشی، انتظامی اور ادارہ جاتی اہداف کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔