وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا خطاب: معیشت درست سمت میں، کرپٹو قوانین جلد متعارف، پانڈا بانڈ دسمبر تک جاری ہوگا

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا خطاب: معیشت درست سمت میں، کرپٹو قوانین جلد متعارف، پانڈا بانڈ دسمبر تک جاری ہوگا - اردو خبریں

اسلام آباد میں انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان (آئی کیپ) کی کانفرنس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت ملک کو درست سمت میں لے جانے میں کامیاب رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں چھوٹے تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دیا گیا ہے اور ٹیکس گوشوارہ اب پہلے کے مقابلے میں نہایت آسان بنا دیا گیا ہے، جس میں 800 کے بجائے صرف 35 سے 40 خانے باقی رہ گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کرپٹو کرنسی کے حوالے سے رولز اینڈ ریگولیشنز مرتب کیے جا رہے ہیں، اور امید ہے کہ دو سے تین ماہ میں اس حوالے سے پیشرفت ہوگی۔ “پاکستان دسمبر تک پانڈا بانڈ جاری کرے گا اور چین کے ساتھ رول اوور سمیت تمام معاملات طے پاچکے ہیں،” وزیر خزانہ نے کہا۔

محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے نمٹنے کے لیے پہلے اپنے وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ 2022 کے سیلاب کے بعد عالمی برادری نے امداد کا اعلان کیا تھا لیکن پاکستان مؤثر اور قابل عمل منصوبے تیار نہ کرسکا، جس کے باعث جنیوا کانفرنس میں اعلان کردہ 11 ارب ڈالر کے فنڈز سے بھی خاطر خواہ فائدہ نہیں اٹھایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ریلیف اور ریسکیو جاری ہے، جبکہ بحالی اور تعمیر نو بعد کے مراحل ہیں۔ وزیر خزانہ نے زور دیا کہ بروقت فیصلے اور عمل درآمد ہی بہتر مینجمنٹ کی خصوصیات ہیں۔ ان کے مطابق موڈیز، فچ اور ایس اینڈ پی پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ اپ گریڈ کرچکے ہیں اور میکرو اکنامک استحکام میں پیش رفت ہوئی ہے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ ٹیکس، توانائی اور ریاستی اداروں میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات جاری ہیں، 24 ادارے نجکاری کی فہرست میں شامل ہیں جبکہ سبسڈی کے بے دریغ استعمال کو روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی اور بڑھتی آبادی پاکستان کے لیے وجودی خطرات ہیں، اس لیے ماحولیاتی منصوبوں میں نجی شعبے کو بھی شراکت دار بنانا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پانڈا بانڈز کے ذریعے بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹ میں داخلے کا خواہاں ہے اور دیگر عالمی منڈیوں سے بھی استفادہ کرے گا۔ وزیر خزانہ نے ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کے صدر مساتو کاندا سے ملاقات میں توانائی کی منتقلی، ماحولیاتی لچک، ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اے ڈی بی کے صدر نے پاکستان کی معاشی اصلاحات اور استحکام کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ معیشت میں بہتری خوش آئند ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اے ڈی بی ماحولیاتی تبدیلی، آبادی کے مسائل، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور وسائل کے حصول میں پاکستان کی مدد جاری رکھے گا اور پانڈا بانڈ سمیت دیگر جدید مالیاتی ذرائع متعارف کرانے میں بھی معاونت فراہم کرے گا۔

مصنف کے بارے میں

Shahbaz Sayed

مزید مضامین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *