پاکستان July 15, 2025 Shahbaz Sayed

مون سون کا طاقتور اسپیل، پنجاب، سندھ اور کے پی میں بارشیں، کراچی میں مزید بارش کی پیشگوئی

تفصیلات کے مطابق مون سون کا زوردار اسپیل اس وقت پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ میں بھرپور بارشیں برسا رہا ہے، جس سے موسم خوشگوار تو ہوا ہے مگر کئی علاقوں میں مشکلات بھی بڑھ گئی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود اور موسم خاصا مرطوب ہے۔
شہر میں سمندری ہوائیں بحال ہو چکی ہیں اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں بوندا باندی کی بھی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ 15 سے 17 جولائی کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں مزید بارشیں ہوں گی۔
بارش لانے والا یہ سسٹم شمالی علاقوں سے سندھ تک اثر انداز ہو سکتا ہے، جس سے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں 18 جولائی کی شام سے بارش کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ 19 اور 20 جولائی کو شہر میں اچھی خاصی بارش متوقع ہے۔
اسی سسٹم کے تحت سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی بارشیں ہونے کا امکان ہے۔

دوسری جانب حیدرآباد میں شدید بارش کے باعث نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔
شہریوں نے رات جاگ کر گزاری، کیونکہ نکاسی آب کے ناقص انتظام کی وجہ سے سڑکیں اور گلیاں پانی میں ڈوب گئیں۔
بارش کے دوران سو سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے، جس سے شہر اندھیرے میں ڈوب گیا۔

محکمہ موسمیات نے حیدرآباد میں کلاؤڈ برسٹ کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں تیس منٹ کے دوران پچاس ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو شدید مگر متوقع مون سون اسپیل کا حصہ تھی۔