مرغی مہنگی بیچنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم، سندھ حکومت متحرک

کراچی (نیوز رپورٹر) — سندھ حکومت نے کراچی میں مرغی کا گوشت سرکاری نرخ سے زائد قیمت پر فروخت کرنے کی شکایات پر بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز کو متحرک کر دیا ہے اور خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
سرکاری مراسلے کے مطابق، افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روزانہ شام 5 بجے تک کارکردگی رپورٹ جمع کرائیں تاکہ قیمتوں پر مؤثر کنٹرول برقرار رکھا جا سکے۔
ناقص گوشت اور ذخیرہ اندوزی پر بھی شکنجہ
اس کے ساتھ ساتھ بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز کو ناقص اور غیر معیاری مرغی کی فروخت کی روک تھام اور گوشت کے معیار کی جانچ کے احکامات بھی دیے گئے ہیں۔
حکومت سندھ نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لینے کی ہدایت جاری کی ہے اور کہا ہے کہ:
“صارفین کو معیاری اور مقررہ نرخ پر اشیاء کی فراہمی ہر حال میں یقینی بنائی جائے گی۔”
روزمرہ اشیاء پر گہری نظر رکھنے کا فیصلہ
حکومت نے بیورو کو تاکید کی ہے کہ قیمتوں، فراہمی اور معیار پر روزانہ کی بنیاد پر کڑی نگرانی کی جائے تاکہ شہریوں کو ناجائز منافع خوری اور ملاوٹ سے محفوظ رکھا جا سکے۔