اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) سابق وزیر خارجہ اور رکن قومی اسمبلی حنا ربانی کھر نے قائمہ کمیٹی برائے امورِ خارجہ کے اجلاس میں دفتر خارجہ کی بریفنگ کو سختی سے مسترد کردیا۔
انہوں نے کہا کہ “شکریہ کے ساتھ آپ کو یہ بریف واپس کیا جارہا ہے، اس کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ہم یہ سب کچھ اخبارات میں پڑھ چکے ہیں، صرف لمبی انگریزی لکھی گئی ہے باقی کچھ نہیں۔”
حنا ربانی کھر نے زور دیا کہ بریفنگ میں محض دو جملوں میں بتایا جائے کہ کسی بھی دورے سے کیا حاصل ہوا، طویل غیرضروری تحریر سے کچھ واضح نہیں ہوتا۔
انہوں نے اجلاس میں سیکرٹری خارجہ کی غیرحاضری پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ “پارلیمنٹ میں اجلاس مہینے میں ایک مرتبہ ہوتا ہے، ہم نے ایجنڈا آپ کے کہنے پر رکھا اور میٹنگ بھی آپ کے کہنے پر بلائی، لیکن پھر بھی سیکرٹری خارجہ شریک نہیں ہوئیں۔”
حنا ربانی کھر نے خبردار کیا کہ آئندہ اگر سیکرٹری خارجہ اجلاس میں موجود نہ ہوئیں تو میٹنگ فوراً ختم کردی جائے گی۔