سیاست July 26, 2025 Shahbaz Sayed

فاٹا کے مسائل حل کرنے کے لیے قبائلی جرگہ ناگزیر ہے: گورنر فیصل کریم کنڈی

پشاور میں سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سابق فاٹا کے مسائل کا حل قبائلی روایات کے مطابق ممکن ہے، جس کے لیے سابق اراکین پارلیمنٹ، سیاسی نمائندوں اور قبائلی عمائدین پر مشتمل جرگہ تشکیل دیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ فاٹا کا انضمام آئینی ترمیم کے بغیر ممکن نہیں، اور انضمام کے وقت کیے گئے وعدوں کے مطابق مختص فنڈز فوری جاری کیے جائیں تاکہ وہاں ترقیاتی عمل شروع ہو سکے۔

گورنر نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ:

“دن دہاڑے عوام، تاجروں اور مقامی رہنماؤں سے بھتہ لیا جا رہا ہے، ڈی آئی خان میں شہری عصر کے بعد گھروں سے باہر نہیں نکلتے۔”

انہوں نے شکوہ کیا کہ وفاقی حکومت کی اسکیمز کا سارا رخ پنجاب کی جانب ہے، اور خیبرپختونخوا کے نوجوان لیپ ٹاپ اسکیم، یوتھ پروگرام اور دانش اسکول جیسے منصوبوں سے مکمل طور پر محروم ہیں۔

گورنر کنڈی نے ارباب نیاز اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا:

“معیاری گراؤنڈز کی عدم موجودگی کے باعث آج تک خیبرپختونخوا میں کوئی پی ایس ایل میچ منعقد نہیں ہو سکا۔”

بات کرتے ہوئے انہوں نے پی ٹی آئی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ:

“صوبے میں پی ٹی آئی شدید دھڑے بندی کا شکار ہے، 5 اگست کے احتجاج کے لیے وہ 20 گاڑیاں بھی نہیں لا سکیں گے۔”