بھارتی اداکارہ شلپا شیٹی اور ان کے شوہر راج کندرا کے خلاف بھاری مالی دھوکا دہی کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کاروباری شخصیت دیپک کوٹھاری نے پولیس کو شکایت دی تھی کہ شلپا شیٹی اور راج کندرا نے ان کے ساتھ بیسٹ ڈیل ٹی وی پرائیویٹ لمیٹڈ کے ذریعے فراڈ کیا۔ شکایت کنندہ کا مؤقف ہے کہ ملزمان نے پہلے قرض لیا، پھر اسے سرمایہ کاری کے نام پر ظاہر کر کے ماہانہ منافع دینے کا وعدہ کیا، لیکن 2015 سے 2023 تک آٹھ برسوں میں جمع کی گئی رقم کو کاروبار کے بجائے ذاتی اخراجات پر خرچ کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق کمپنی کو 2016 میں شدید مالی مشکلات کا سامنا ہوا، اسی دوران شلپا شیٹی نے بطور ڈائریکٹر استعفیٰ دے دیا اور بعد ازاں کمپنی دیوالیہ ہوگئی۔ اکنامک افیئرز ونگ نے مقدمہ درج کرنے کے ساتھ امیگریشن حکام کو اطلاع دے دی ہے تاکہ جوڑا بیرون ملک فرار نہ ہو سکے۔
دوسری جانب شلپا شیٹی اور راج کندرا کے وکیل نے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک پرانا کاروباری تنازع ہے جس کا کوئی فوجداری پہلو نہیں بلکہ معاملہ سول نوعیت کا ہے۔