لاہور (اسپورٹس ڈیسک) آسٹریلیا کے سابق مایہ ناز کرکٹر اور کوچ جیسن گلیسپی نے پاکستان کے 22 سالہ نوجوان کھلاڑی عرفان خان کی شاندار صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں مستقبل کا بڑا اسٹار قرار دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں جیسن گلیسپی نے کہا کہ عرفان خان ایک معیاری اور شاندار کھلاڑی ہیں جو پاکستان کے ساتھ ایک طویل اور کامیاب بین الاقوامی کیریئر بنا سکتے ہیں۔
انہوں نے دنیا بھر کی ٹی ٹوئنٹی فرنچائزز کو مشورہ دیا کہ وہ عرفان خان کو اپنی ٹیموں کا حصہ بنائیں کیونکہ ان میں بڑے مقابلوں میں چھا جانے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔
یاد رہے کہ جیسن گلیسپی اس سے قبل بھی عرفان خان کو چیمپئنز ٹرافی اسکواڈ میں شامل نہ کیے جانے پر پی سی بی پر کڑی تنقید کر چکے ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو نظرانداز کرنا پاکستان کرکٹ کے لیے نقصان دہ قرار دیا تھا۔