ٹیکنالوجی July 23, 2025 Shahbaz Sayed

جنوری تا مارچ 2025: ٹک ٹاک نے پاکستان میں 2 کروڑ 49 لاکھ سے زائد ویڈیوز حذف کر دیں

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے سال 2025 کی پہلی سہ ماہی، یعنی جنوری سے مارچ کے دوران پاکستان میں 24,954,128 ویڈیوز کو حذف کیا، جو کہ کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر کی جانے والی کارروائی کا حصہ ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ویڈیوز کو پیشگی طور پر حذف کرنے کی شرح انتہائی بلند رہی، جو 99.4 فیصد رہی۔ مزید یہ کہ 95.8 فیصد ویڈیوز کو اپلوڈ کیے جانے کے 24 گھنٹوں کے اندر ہی ہٹا دیا گیا۔

اگر عالمی سطح پر دیکھا جائے تو اسی سہ ماہی میں ٹک ٹاک نے 211 ملین ویڈیوز حذف کیں، جو کہ کل اپلوڈ کیے گئے مواد کا تقریباً 0.9 فیصد بنتی ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ

  • ان ویڈیوز میں سے 184.3 ملین ویڈیوز کو خودکار نظام کے ذریعے شناخت کر کے حذف کیا گیا،

  • جبکہ 7.5 ملین ویڈیوز کو مزید جائزے کے بعد بحال کر دیا گیا۔

پیشگی حذف کیے جانے کی شرح عالمی سطح پر 99.0 فیصد رہی اور 94.3 فیصد ویڈیوز کو اپ لوڈ کیے جانے کے 24 گھنٹوں کے اندر ہٹا دیا گیا۔

ٹک ٹاک کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ حذف کی گئی ویڈیوز کا

  • 30.1 فیصد مواد حساس یا بالغ موضوعات پر مشتمل تھا،

  • 11.5 فیصد نے تحفظ اور شائستگی کی پالیسیوں کی خلاف ورزی کی،

  • 15.6 فیصد ویڈیوز نے پرائیویسی اور سیکیورٹی کے ضوابط کی خلاف ورزی کی،

  • 45.5 فیصد ویڈیوز کو غلط معلومات پر مبنی قرار دیا گیا،

  • جبکہ 13.8 فیصد ویڈیوز کو ترمیم شدہ یا مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ کانٹنٹ کے زمرے میں رکھا گیا۔

یہ رپورٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ پلیٹ فارم اپنی پالیسیوں پر سختی سے عمل درآمد کر رہا ہے تاکہ صارفین کو محفوظ، باوقار اور ذمہ دار آن لائن ماحول فراہم کیا جا سکے۔