ترک میڈیا کے مطابق وزیرخارجہ ہاکان فیدان نے پارلیمنٹ کے غیرمعمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ترکی نے اسرائیل کے ساتھ تمام تجارتی تعلقات ختم کر دیے ہیں اور ترک بحری جہازوں کو اسرائیلی بندرگاہوں پر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی طیاروں کو بھی ترک فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ہاکان فیدان کا کہنا تھا کہ اسرائیل غزہ میں جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے اور یہ انسانی تاریخ کا ایک سیاہ ترین باب ہے۔ ان کے مطابق اسرائیل گزشتہ دو برسوں سے دنیا کی نظروں کے سامنے بنیادی انسانی اقدار کو پامال کرتے ہوئے نسل کشی کا جرم کر رہا ہے۔
ترک وزیرخارجہ نے کہا کہ فلسطینیوں کی اسرائیل کے خلاف مزاحمت نے تاریخ کا دھارا بدل دیا ہے، یہ مزاحمت دنیا کے تمام مظلوموں کے لیے مثال بن گئی ہے اور زوال پذیر عالمی نظام کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
انہوں نے فلسطینیوں کی غزہ سے جبری بے دخلی کے منصوبے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے زور دیا کہ “یہ منصوبہ خواہ کسی نے بھی تجویز کیا ہو، ترکی کے لیے قابلِ قبول نہیں ہے۔”