نئی دہلی – بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ایک بار پھر سابق کپتان ایم ایس دھونی سے قومی ٹیم کا مینٹور بننے کے لیے رابطہ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق دھونی کو آئندہ ایونٹس میں بطور مینٹور شامل کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
یاد رہے کہ ایم ایس دھونی اس سے قبل بھی بھارتی ٹیم کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 میں بطور مینٹور خدمات انجام دے چکے ہیں، جو متحدہ عرب امارات میں کھیلا گیا تھا۔ تاہم اس ایونٹ میں بھارتی ٹیم کو اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان کے ہاتھوں ورلڈکپ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جب پاکستان نے بھارت کو دس وکٹوں سے با آسانی ہرایا تھا۔
اس ورلڈکپ میں بھارتی ٹیم ناک آؤٹ مرحلے میں بھی رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہی، جس کے بعد دھونی کے مینٹور کے کردار پر بھی بحث شروع ہوگئی تھی۔
اب جب کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 قریب ہے، بھارتی کرکٹ بورڈ اپنی ٹیم کی تیاریوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک مرتبہ پھر ایم ایس دھونی کے تجربے سے فائدہ اٹھانے کا خواہاں ہے۔ دھونی کو نہ صرف بھارت کا کامیاب ترین کپتان قرار دیا جاتا ہے بلکہ ان کی قیادت میں بھارت نے 2007 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ، 2011 کا ون ڈے ورلڈکپ اور 2013 کی چیمپئنز ٹرافی بھی جیتی تھی۔
کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ دھونی کا ٹیم کے ساتھ دوبارہ جڑنا نوجوان کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہوسکتا ہے، کیونکہ وہ اپنی حکمت عملی اور پرسکون مزاج کے حوالے سے دنیا بھر میں پہچانے جاتے ہیں۔
فی الحال بی سی سی آئی اور دھونی کے درمیان باضابطہ معاہدے کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم قوی امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ 2026 کے بڑے ایونٹ سے قبل دھونی ایک بار پھر بھارتی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔