بلوچستان میں مرد و خاتون کے بہیمانہ قتل کی ویڈیو وائرل، وزیراعلیٰ نے نوٹس لے لیا

سوشل میڈیا پر مرد اور خاتون کے بہیمانہ قتل کی ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واقعے کا سختی سے نوٹس لے لیا۔ وزیراعلیٰ نے فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ملوث ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کی ہدایت جاری کی ہے۔
اس حوالے سے ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے اپنے جاری کردہ بیان میں واقعے کی شدید مذمت کی۔ اُن کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی یہ ویڈیو بلوچستان کی حدود میں بنائی گئی ہے، اور وزیراعلیٰ نے اس پر 48 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ یہ افسوسناک واقعہ عیدالاضحیٰ کے دنوں میں پیش آیا، تاہم کسی خاندان نے اس واقعے کی کوئی رپورٹ درج نہیں کرائی۔ حکومت نے ازخود نوٹس لیتے ہوئے اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کر دیا ہے۔
شاہد رند کے مطابق ایک ملزم کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی شناخت مکمل ہو چکی ہے لیکن ان کے نام فی الحال ظاہر نہیں کیے جا رہے۔ ویڈیو کے ذریعے باقی ملزمان کی شناخت کا عمل بھی جاری ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ تمام مشتبہ افراد کا ڈیٹا نادرا کو فراہم کر دیا گیا ہے اور مزید گرفتاریاں عمل میں لانے کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ تاہم، تاحال مقتولین کی لاشیں برآمد نہیں ہو سکیں۔