صحت July 20, 2025 Shahbaz Sayed

برطانیہ میں حاملہ خواتین کے لیے آر ایس وی ویکسین پروگرام کا آغاز، نومولود بچوں میں اسپتال داخلے کی شرح میں نمایاں کمی

لندن: برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروس (NHS) نے 2024 کے موسمِ گرما سے ایک نیا آر ایس وی (Respiratory Syncytial Virus) ویکسینیشن پروگرام شروع کیا ہے، جو ان افراد کے لیے متعارف کرایا گیا ہے جنہیں اس وائرس سے سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، خصوصاً حاملہ خواتین اور نومولود بچوں کو۔

یونیورسٹی آف ایڈنبرا اور یونیورسٹی آف لیسٹر کے محققین کی ایک حالیہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دورانِ حمل جن خواتین کو یہ ویکسین دی گئی، اُن کے بچوں کے پیدا ہونے کے بعد اسپتال میں داخل ہونے کے واقعات میں 72 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

تحقیق کے مطابق ویکسینیشن کے بعد ماں کے جسم میں بننے والی اینٹی باڈیز حمل کے دوران بچے تک منتقل ہو جاتی ہیں، جو پیدائش کے بعد ابتدائی چھ ماہ تک بچوں کو آر ایس وی سے تحفظ فراہم کرتی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سردیوں کے موسم میں جب آر ایس وی کے کیسز میں اضافہ ہوتا ہے، اُس وقت یہ ویکسین خاص طور پر اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ حاملہ خواتین کو یہ انجیکشن لگوانے سے نومولود بچوں کی بیماریوں، خاص طور پر سانس کی نالی سے متعلقہ بیماریوں کے پھیلاؤ کو کم کیا جا سکتا ہے۔

نیشنل ہیلتھ سروس کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف بچوں کی صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا بلکہ اسپتالوں پر بڑھتے دباؤ کو کم کرنے میں بھی مددگار ہوگا۔