ایشین چیمپئن بننے والی انڈر 16 والی بال ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کیلئے 82 لاکھ روپے کیش انعام کا اعلان

اسلام آباد: ترجمان پاکستان اسپورٹس بورڈ کے مطابق انڈر 16 والی بال ٹیم کے ہر کھلاڑی کو ایشین چیمپئن شپ میں تاریخی کامیابی پر 6 لاکھ روپے کیش انعام دیا جائے گا۔
کیش ایوارڈ پالیسی 2024 کے تحت براعظمی سطح کے ٹیم ایونٹس میں گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑی کو انفرادی طور پر انعام کا 30 فیصد دیا جاتا ہے۔ اس پالیسی کے مطابق 12 رکنی اسکواڈ کے لیے مجموعی طور پر 72 لاکھ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔
کیش ایوارڈ پالیسی کوچنگ اسٹاف کو بھی شامل کرتی ہے۔ اسی پالیسی کے تحت ٹیم کے کوچ کو 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے، جو ٹیم ایوارڈ کا 50 فیصد حصہ بنتا ہے۔
یوں انڈر 16 والی بال ٹیم اور کوچنگ اسٹاف کو مجموعی طور پر 82 لاکھ روپے کے کیش ایوارڈز آئندہ چند روز میں دیے جائیں گے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ یہ کیش انعامات صرف ان کھلاڑیوں اور کوچز کو دیے جائیں گے جن کے نام ایشین چیمپئن شپ کی آفیشل فہرست میں شامل ہیں، اور انعام حاصل کرنے کے لیے تمام مطلوبہ دستاویزات مکمل ہونا لازمی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کی انڈر 16 ٹیم نے ایشین چیمپئن شپ کے فائنل میں ایران کو سخت مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست دی تھی۔ پاکستان ٹورنامنٹ کے دوران ناقابل شکست رہا اور پہلی بار یہ ٹائٹل اپنے نام کیا۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ کا کہنا ہے کہ کیش ایوارڈز کی یہ پالیسی مختلف عمر کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور مالی معاونت کے لیے ترتیب دی گئی ہے، تاکہ نوجوان باصلاحیت کھلاڑیوں کی بھرپور سرپرستی کی جا سکے۔