بھارتی میڈیا کے مطابق بالی وڈ کے دو بڑے ستارے اکشے کمار اور سیف علی خان ہدایت کار پریہ درشن کی نئی فلم حیوان میں ایک ساتھ نظر آئیں گے، جس کی شوٹنگ ریاست کیرالہ میں شروع ہو گئی ہے۔
اکشے کمار نے فلم کے سیٹ سے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ ہدایت کار اور سیف علی خان کے ساتھ خوشگوار موڈ میں دکھائی دیے۔ ویڈیو میں اکشے “بزرگ” لکھے ہوئے ٹی شرٹ اور کلیپر بورڈ کے ساتھ موجود تھے۔ اس پر پریہ درشن نے مزاح کرتے ہوئے کہا کہ اس پر حیوان لکھوانا چاہیے تھا، جس پر اکشے نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ سیف علی خان اس فلم کے “شیطان” ہوں گے — کبھی وہ جسے سب جانتے ہیں اور کبھی وہ جسے کوئی نہیں جانتا۔
اکشے کمار نے مزید کہا کہ ہر انسان کے اندر کچھ نہ کچھ شیطان چھپا ہوتا ہے: “کوئی باہر سے بزرگ ہے تو اندر سے حیوان”۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تقریباً 18 سال بعد سیف علی خان کے ساتھ دوبارہ کام کرنا ان کے لیے خوشی کی بات ہے۔
یاد رہے کہ 2008 کی فلم ٹشن میں دونوں اداکار ایک ساتھ نظر آئے تھے۔
فلم حیوان دراصل پریہ درشن کی 2016 کی مشہور ملیالم تھرلر اوپم کا ہندی ریمیک ہے۔ اس میں کاجول، بوبی دیول اور اینار ہارلڈسن بھی اہم کرداروں میں جلوہ گر ہوں گے۔ فلم 2026 میں ریلیز کی جائے گی۔