اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) او آئی سی کے 21ویں غیر معمولی اجلاس برائے وزرائے خارجہ کے موقع پر پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اپنے ترک ہم منصب حکان فیدان سے اہم ملاقات کی۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 51ویں اجلاس کے دوران ترکی کے قائدانہ کردار کو سراہا اور کہا کہ ترکی نے مسلم دنیا کے اجتماعی مؤقف کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔
ملاقات میں فلسطین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا گیا اور زور دیا گیا کہ غزہ میں بڑھتے ہوئے انسانی بحران اور قحط کے پیش نظر فوری انسانی امداد کی فراہمی ناگزیر ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ترکی کے برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کثیرالجہتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کو دہرایا۔