کراچی: معروف کانٹینٹ کریئیٹر طلحہ احمد نے انسٹاگرام اکاؤنٹ بحال ہونے پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے انسٹاگرام کی پالیسی پر طنزیہ سوال اٹھایا اور کہا کہ انہیں اب تک سمجھ نہیں آیا کہ ان کا اکاؤنٹ بند کیوں کیا گیا تھا۔
انہوں نے اپنے اہلخانہ، دوستوں اور مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے کرم، دوستوں کی محنت اور سب کی دعاؤں سے ان کا اکاؤنٹ بحال ہوا۔ شاعرانہ انداز اپناتے ہوئے طلحہ احمد نے کہا:
“ہم ہی کو جراتِ اظہار کا سلیقہ ہے، صدا کا قحط پڑے گا تو ہم ہی بولیں۔”
طلحہ احمد کا کہنا تھا کہ ان کے پاس نیا اور دلچسپ کانٹینٹ موجود ہے جو وہ جلد اپنے فالوورز کے ساتھ شیئر کریں گے، اس لیے سب لوگ ان سے جڑے رہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ہمیشہ کی طرح اپنی ویڈیوز کے ذریعے لوگوں میں خوشیاں اور مسکراہٹیں بانٹتے رہیں گے۔
حال ہی میں طلحہ احمد نے کراچی کی بارشوں پر “مخصوص میئر” اور “مخصوص گورنر” کے عنوان سے طنزیہ ویڈیوز بنا کر خاصی پذیرائی حاصل کی تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق انسٹاگرام پر ان کے فالوورز کی تعداد 8 لاکھ 69 ہزار ہے، ٹک ٹاک پر ایک لاکھ 21 ہزار سے زائد جبکہ یوٹیوب پر ان کے سبسکرائبرز بھی ایک لاکھ 42 ہزار سے بڑھ چکے ہیں۔
یاد رہے کہ طلحہ احمد جولائی میں وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملے تھے جہاں وزیراعظم نے ان کے کام کو سراہتے ہوئے انہیں اعزازی شیلڈ اور ٹیبلیٹ سے نوازا تھا۔