اقلیتی نشست: ن لیگ قرعہ اندازی سے دستبردار، جے یو آئی کے گوپال سنگھ کامیاب

خیبرپختونخوا اسمبلی کی اقلیتی نشست کے لیے مسلم لیگ (ن) قرعہ اندازی سے دستبردار ہو گئی، جس کے بعد یہ نشست جمعیت علمائے اسلام (ف) کو مل گئی ہے۔ جے یو آئی کے امیدوار گوپال سنگھ بلامقابلہ منتخب ہو گئے۔
اس حوالے سے ن لیگی رہنما امیر مقام نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ وزیر اعظم شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کی باہمی مشاورت سے کیا گیا۔ ان کے مطابق ن لیگ نے ایک بڑی اپوزیشن جماعت کے طور پر سیاسی قربانی دیتے ہوئے اتفاق رائے سے راستہ ہموار کیا تاکہ خرید و فروخت کے الزامات کا خاتمہ ہو۔
امیر مقام نے مزید کہا کہ “افہام و تفہیم کے تحت فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ خیبرپختونخوا میں سیاسی معاملات شفاف طریقے سے آگے بڑھ سکیں۔”
الیکشن کمیشن کی جانب سے خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں سے متعلق نیا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ اس کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کو مخصوص نشستوں پر 9،9 نشستیں ملی ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کو 5، جبکہ تحریک انصاف اور عوامی نیشنل پارٹی کو ایک، ایک مخصوص نشست ملی ہے۔
ابتدائی طور پر الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ کے پی کی اقلیتی نشست پر ن لیگ اور جے یو آئی (ف) کے درمیان قرعہ اندازی ہو گی، لیکن ن لیگ کے امیدوار کی دستبرداری کے بعد قرعہ اندازی کی ضرورت باقی نہ رہی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جے یو آئی (ف) اور پیپلز پارٹی کی ایک، ایک خاتون نشست ختم کر دی گئی ہے، جبکہ مسلم لیگ ن کو ایک نئی خاتون مخصوص نشست دے دی گئی ہے، جس کے بعد ن لیگ اور جے یو آئی (ف) کی مخصوص نشستوں کی تعداد برابر ہو گئی ہے۔