ٹیکنالوجی July 19, 2025 Shahbaz Sayed

اسمارٹ فونز اب زلزلوں کی پیشگوئی کا ذریعہ بن سکتے ہیں، سائنس دانوں نے نیا سسٹم تیار کر لیا

سائنس دانوں نے ایک جدید سسٹم تیار کیا ہے جو اسمارٹ فونز کو زلزلے کی پیشگوئی کرنے والے آلے میں تبدیل کر سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق، یہ نظام مستقبل میں لوگوں کو بروقت بڑے زلزلے سے خبردار کرنے کا ایک مؤثر اور کم لاگت حل فراہم کر سکتا ہے۔

یہ ٹیکنالوجی گوگل اور یو ایس جیولوجیکل سروے (USGS) کے محققین کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ سسٹم اسمارٹ فونز میں موجود سینسرز سے حاصل شدہ ڈیٹا کا استعمال کرتا ہے تاکہ زمین کی حرکت سے پیدا ہونے والے زلزلے کے ابتدائی سگنلز کی شناخت کی جا سکے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جب ایک بڑی تعداد میں ڈیوائسز ایک جیسے جھٹکوں کا اندراج کرتی ہیں، تو سسٹم اس ڈیٹا کا تجزیہ کر کے قریبی علاقوں میں موجود دیگر افراد کو فوری انتباہ جاری کرتا ہے۔

یہ تحقیق معروف سائنسی جریدے جرنل سائنس میں شائع ہوئی، جس میں انکشاف کیا گیا کہ مذکورہ نیٹ ورک نے صرف ایک ماہ کے دوران 300 سے زائد زلزلوں کی درست شناخت کی۔ ان علاقوں میں جہاں انتباہ جاری کیے گئے، وہاں کے 85 فیصد افراد نے تصدیق کی کہ انہیں زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے سے پہلے یا دوران میں اطلاع موصول ہوئی تھی۔

اعداد و شمار کے مطابق، 36 فیصد صارفین کو زلزلے سے قبل، 28 فیصد کو جھٹکوں کے دوران اور 23 فیصد کو بعد میں وارننگ موصول ہوئی۔

تحقیق کے مطابق، اگرچہ یہ سسٹم روایتی سیزمک سینسرز کی جگہ مکمل طور پر نہیں لے سکتا، تاہم یہ اُن علاقوں کے لیے مفید ثابت ہو سکتا ہے جہاں زلزلہ پیما stیشنز کی رسائی کم ہے۔ یہ ایک ایسا نظام ہے جو بغیر مہنگے انفرااسٹرکچر کے، عوامی تعاون سے ایک مؤثر ارلی وارننگ سسٹم مہیا کرتا ہے۔