پیر کے روز اسلام آباد اور راولپنڈی میں پیش آنے والے دل دہلا دینے والے واقعے نے سب کو ہلا کر رکھ دیا۔ ملزم محمد علی نے پہلے ترامڑی چوک، اسلام آباد میں اپنے 70 سالہ والد محمود حسین اور 32 سالہ بہن شبنم زارا کو قتل کیا۔ اس کے بعد وہ راولپنڈی کے عرفان آباد، اڈیالہ روڈ پہنچا جہاں 35 سالہ بہن انجم زارا کو بھی موت کے گھاٹ اتار دیا اور تین ماہ کے معصوم بھانجے سالار کو شدید زخمی کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کو جائیداد کے تنازعے اور غیرت کے معاملے پر غصہ تھا۔ مقتول والد اپنی دونوں بیٹیوں کے نام جائیداد کرنے پر بضد تھے جبکہ ملزم ان کا حصہ دینے سے انکاری تھا۔ دوسری جانب مقتولہ انجم زارا نے ڈیڑھ سال قبل پسند کی شادی کی تھی جس پر بھی ملزم کو شدید اعتراض تھا۔
راولپنڈی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ملزم کو آلۂ قتل سمیت گرفتار کر لیا۔ زخمی بچے کو اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ ملزم کے خلاف اسلام آباد اور راولپنڈی میں دو الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شواہد کی بنیاد پر ملزم کو قرار واقعی سزا دلائی جائے گی۔