اسرائیل میں کار حملہ، 8 فوجی زخمی، 5 کی حالت نازک

اسرائیلی شہر نتانیا کے قریب ایک داخلی چوکی پر اُس وقت افرا تفری مچ گئی جب ایک کار سوار نے سیکیورٹی اہلکاروں پر حملہ کر دیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق واقعہ ایک سنگین سیکیورٹی چیلنج کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق حملہ آور گاڑی میں سوار تھا اور داخلی راستے پر موجود فوجی اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔ واقعے کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہوگیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق جس گاڑی سے حملہ کیا گیا، اس کے مالک کی شناخت ایک اسرائیلی شہری کے طور پر کر لی گئی ہے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی ممکنہ طور پر چوری کی گئی تھی۔
اسرائیلی سیکیورٹی اداروں نے کار سوار کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور کار کے اصل مالک سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور مغربی کنارے کے علاقے “بیت لید” میں گاڑی چھوڑ کر فرار ہوا، جسے بعد ازاں تحویل میں لے لیا گیا۔
ایمبولینس سروس کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر ہیلیل یافے میڈیکل سینٹر (ہادیرہ) اور لینیادو اسپتال (نتانیا) منتقل کیا گیا۔
اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ زخمیوں میں تمام 8 افراد فوجی اہلکار ہیں، جن میں سے 5 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔