نیپال میں جاری شدید عوامی احتجاج کے دوران وزیراعظم کے پی شرما اولی کے ملک چھوڑنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وزیراعظم شرما ممکنہ طور پر ملٹری ہیلی کاپٹر میں سوار ہو رہے ہیں۔
سرکاری سطح پر ان کے ملک سے فرار کی تصدیق نہیں کی گئی، تاہم مقامی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ وزیراعظم نے فوج سے محفوظ راستہ فراہم کرنے کی درخواست کی تھی اور امکان ہے کہ ان کی منزل دبئی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق ملٹری ہیلی کاپٹرز اور گاڑیوں کے ذریعے دیگر وزرا کو بھی فوجی بیرکوں میں منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں مشتعل عوام کے غیظ و غضب سے بچایا جا سکے۔
گزشتہ روز مظاہرین نے پارلیمنٹ، عدالت اور دیگر سرکاری عمارتوں کو نذرِ آتش کر دیا تھا، جبکہ وزیراعظم ہاؤس، حکمران جماعت کے دفاتر اور وزرا کے گھروں پر بھی دھاوا بول کر شدید توڑ پھوڑ کی گئی۔
ادھر نیپال کے صدر رام چندر نے نئے وزیراعظم کے انتخاب کے لیے مشاورت کا آغاز کر دیا ہے جبکہ سوشل میڈیا پر عائد پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ دو روز سے جاری مظاہروں میں پولیس اور عوام کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں 21 افراد ہلاک اور 250 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔