بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان نے ایک بار پھر مداحوں کو حیران کردیا۔ رئیلٹی شو ’’بگ باس 19‘‘ کے گرینڈ پریمیئر میں میزبان کے طور پر جلوہ گر ہوتے ہوئے، جب مہمان تانیا متل نے ان سے پوچھا کہ ’’کیا سچا پیار ہمیشہ ادھورا ہی رہ جاتا ہے؟‘‘ تو سلمان خان نے مسکراتے ہوئے ایسا جواب دیا جس نے شو کا ماحول پرجوش بنادیا۔
سلمان نے کہا:
’’مجھے نہیں معلوم، کیونکہ مجھے تو اب تک سچا پیار ہوا ہی نہیں۔ نہ کوئی سچا پیار ہوا اور نہ ہی کچھ ادھورا رہا۔‘‘
ان کے اس جواب نے نہ صرف ناظرین کو چونکا دیا بلکہ سوشل میڈیا پر بھی بحث کا نیا طوفان کھڑا کردیا۔ مداحوں نے ایک بار پھر سوال اٹھایا کہ آخر بالی ووڈ کے سب سے مقبول اداکار اب تک محبت کی منزل کیوں نہ پاسکے۔
یہ بیان اس لیے بھی توجہ کا مرکز بنا کیونکہ سلمان خان کی زندگی میں کئی نامور اداکاراؤں کے ساتھ تعلقات زیرِ بحث رہے ہیں۔ کبھی ان کا نام ایشوریا رائے کے ساتھ جڑا، کبھی کترینہ کیف اور سنگیتا بجلانی کے ساتھ۔ لیکن یہ تعلقات چاہے کتنے ہی قریبی رہے ہوں، شادی کے بندھن تک نہ پہنچ سکے۔ ایشوریا کے ساتھ ان کا رشتہ طوفانی انداز میں ختم ہوا جبکہ کترینہ کیف نے بھی آخرکار اپنی الگ راہ اختیار کی۔
اب جب کہ سلمان خان 58 برس کے ہوچکے ہیں، ان کے مداح تجسس میں مبتلا ہیں کہ کیا وہ کبھی شادی کے بندھن میں بندھیں گے یا پھر ہمیشہ ہی ’’فار ایور سنگل خان‘‘ کے طور پر جانے جائیں گے۔
ان کے تازہ انکشاف نے مداحوں کو ایک بار پھر سوچنے پر مجبور کردیا ہے:
کیا سلمان خان کو کبھی سچا پیار ملے گا یا وہ ہمیشہ کے لیے سنگل ہی رہیں گے؟