آخری لمحے کا فیصلہ: پاکستان ہاکی ٹیم پرو لیگ میں شامل، 350 ملین روپے فنڈز منظور

آخری لمحے کا فیصلہ: پاکستان ہاکی ٹیم پرو لیگ میں شامل، 350 ملین روپے فنڈز منظور - اردو خبریں

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی کے مستقبل کے حوالے سے بڑا فیصلہ ہو گیا۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس میں پاکستان کی پرو ہاکی لیگ میں شمولیت کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ لیگ میں شرکت کے لیے 350 ملین روپے درکار ہوں گے، جن میں سے 250 ملین وفاقی حکومت فراہم کرے گی جبکہ باقی 100 ملین روپے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو خود انتظام کرنا ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ بروقت نہ ہوتا تو قومی ٹیم ایک بڑے عالمی ایونٹ سے باہر ہو جاتی کیونکہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی ڈیڈ لائن گزشتہ روز ختم ہو رہی تھی۔

سیکریٹری آئی پی سی محی الدین وانی نے اجلاس میں مؤقف اختیار کیا کہ پرو ہاکی لیگ میں شرکت پاکستان ہاکی کے مستقبل کے لیے ناگزیر ہے، کیونکہ اس ایونٹ میں دنیا کی 10 بہترین ٹیمیں شریک ہوتی ہیں۔ ان کے مطابق اس سے قومی ٹیم کو تجربہ اور رینکنگ دونوں میں فائدہ ہوگا۔

اجلاس میں ہاکی فیڈریشن کی کارکردگی اور آئینی معاملات پر بھی کڑی تنقید کی گئی۔ رکن قومی اسمبلی شہلا رضا نے کہا کہ فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل کی تعیناتی غیر آئینی ہے اور اس پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میرٹ پر کوالیفائی نہیں کرسکا بلکہ نیوزی لینڈ کے دستبردار ہونے کے بعد یہ موقع ملا۔

کمیٹی رکن مہرین رزاق بھٹو نے بھی فیڈریشن میں شفافیت اور بہتر کارکردگی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی فنڈز کا درست استعمال لازم ہے۔

ادھر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری رانا مجاہد نے کمیٹی کو بتایا کہ پرو ہاکی لیگ دنیا کا سب سے بڑا ایونٹ ہے۔ ان کے مطابق اس میں شمولیت نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی معیار کے مقابلوں کا تجربہ فراہم کرے گی اور قومی ٹیم کو اپنی کھوئی ہوئی پہچان واپس پانے کا موقع ملے گا۔

مصنف کے بارے میں

Shahbaz Sayed

مزید مضامین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *