پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ذرائع کے مطابق نہ تو شان مسعود کو ٹیسٹ کپتانی سے ہٹانے کی کوئی تجویز زیر غور ہے اور نہ ہی سعود شکیل کو ان کی جگہ کپتان بنانے کا کوئی ارادہ ہے۔ اسی طرح محمد رضوان سے ون ڈے قیادت واپس لینے کی خبریں بھی بے بنیاد قرار دی گئی ہیں اور سلمان علی آغا کو ون ڈے کپتانی کے لیے زیر غور نہیں لایا گیا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی نے کپتانی یا کسی کھلاڑی کے کنٹریکٹ کی کیٹیگری میں ردوبدل کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ یہ وضاحت اس وقت سامنے آئی جب سوشل میڈیا پر تیزی سے افواہیں پھیل رہی تھیں کہ شان مسعود کی جگہ سعود شکیل کو ٹیسٹ کپتان بنایا جا رہا ہے اور رضوان کی ون ڈے قیادت بھی خطرے میں ہے۔
ادھر پاکستان کرکٹ ٹیم سہ فریقی سیریز میں شرکت کے لیے تیاریوں میں مصروف ہے۔ پاکستان، افغانستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان یہ سیریز 29 اگست سے 7 ستمبر تک شارجہ میں کھیلی جائے گی۔ پاکستان اپنی مہم کا آغاز 29 اگست کو افغانستان کے خلاف کرے گا۔ ہر ٹیم ایک دوسرے کے خلاف دو، دو میچ کھیلے گی جبکہ ٹاپ دو ٹیمیں 7 ستمبر کو فائنل کھیلیں گی۔
اس سیریز کے بعد گرین شرٹس کی نظریں ایشیا کپ 2025 پر ہوں گی جو 9 ستمبر سے شروع ہوگا۔ ایونٹ میں 8 ٹیمیں دو گروپس میں تقسیم کی گئی ہیں۔ پاکستان گروپ اے میں بھارت، عمان اور میزبان یو اے ای کے ساتھ شامل ہے، جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، افغانستان، بنگلادیش اور ہانگ کانگ شامل ہیں۔
پاکستان اپنا پہلا میچ 12 ستمبر کو عمان کے خلاف کھیلے گا، 14 ستمبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف بڑا مقابلہ شیڈول ہے جبکہ آخری گروپ میچ 17 ستمبر کو یو اے ای کے خلاف ہوگا۔
ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے میچز 20 سے 26 ستمبر تک ابوظہبی اور دبئی میں ہوں گے، جبکہ فائنل 28 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔