محکمہ موسمیات کے مطابق 22 اگست سے بحیرہ عرب اور خلیج بنگال کی مون سون ہوائیں شدت کے ساتھ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، جبکہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی 22 اگست کی رات سے اثر انداز ہوگا۔
صوبہ سندھ اور مشرقی جنوبی بلوچستان میں 27 سے 29 اگست کے دوران شدید بارشوں کی توقع ہے۔ مغربی ہواؤں کے اثر سے 23 سے 27 اگست کے دوران وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں وقفے وقفے سے اکثر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ کچھ علاقوں میں موسلادھار یا شدید موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
گلگت بلتستان کے اضلاع دیامیر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے، جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا میں 23 سے 26 اگست کے دوران دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، مہمند، کوہاٹ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر، اورکزئی، کرم، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، وزیرستان، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں اکثر مقامات پر بارش متوقع ہے۔
اسی طرح 23 سے 27 اگست کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاالدین، گجرات، گجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد اور ساہیوال میں بھی تیز ہواؤں اور وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔
ڈی جی خان، بھکر، لیہ، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، راجن پور اور رحیم یار خان میں 24 اور 27 اگست کے دوران بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔ سندھ میں مٹھی، تھرپارکر، عمر کوٹ اور میرپورخاص میں 23 کی شام یا رات سے 26 اگست تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بلوچستان کے بارکھان، موسیٰ خیل، لورالائی، سبی، ژوب، قلات اور خضدار میں بھی اسی دوران بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے 23 سے 26 اگست کے دوران شدید موسلادھار بارشوں کے باعث چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، مردان، مری، گلیات، اسلام آباد/راولپنڈی، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر، ڈیرہ غازی خان اور ملحقہ علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔
عوام الناس اور سیاح حضرات سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ بارشوں اور موسمی حالات کے مطابق احتیاط برتیں، سفر میں محتاط رہیں اور موسم کے متعلق معلومات حاصل کرتے رہیں۔