خیبرپختونخوا میں سیلاب سے 20 ارب روپے کا نقصان، ابتدائی رپورٹ وزیراعلیٰ کو ارسال

خیبرپختونخوا میں سیلاب سے 20 ارب روپے کا نقصان، ابتدائی رپورٹ وزیراعلیٰ کو ارسال - اردو خبریں

خیبرپختونخوا میں حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب سے سرکاری اداروں کو پہنچنے والے نقصانات کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے، جس کے مطابق صوبائی حکومت کو مجموعی طور پر 20 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ صوبے کے 20 مختلف محکموں کی 603 سرکاری املاک متاثر ہوئیں، جن میں سب سے زیادہ نقصان بٹگرام میں ہوا جہاں 214 عمارتیں مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہوئیں۔ اسی طرح سوات میں 97، باجوڑ میں 65 اور مانسہرہ میں 58 سرکاری عمارتیں متاثر ہوئیں۔

سیلاب سے متاثرہ املاک میں 37 تعلیمی ادارے، 83 سڑکیں اور 10 پل مکمل طور پر تباہ ہوگئے، جب کہ 226 آبپاشی کے چینلز اور 68 واٹر سپلائی اسکیمیں بھی بری طرح متاثر ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق:

  • محکمہ آب پاشی کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا جو 10 ارب 32 کروڑ 80 لاکھ روپے سے زائد ہے۔

  • محکمہ کمیونی کیشن اینڈ ورکس (C&W) کو 3 ارب 43 کروڑ 80 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔

  • محکمہ تعلیم کو 1 ارب 44 کروڑ 90 لاکھ روپے کا مالی نقصان ہوا۔

  • محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو 21 کروڑ 70 لاکھ روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔

یہ ابتدائی رپورٹ صوبائی حکومت کی جانب سے مرتب کرکے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو ارسال کردی گئی ہے، تاکہ نقصانات کے ازالے اور بحالی کے اقدامات کے لیے مزید فیصلے کیے جاسکیں۔

مصنف کے بارے میں

Shahbaz Sayed

مزید مضامین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *