تفصیلات کے مطابق شاہ فیصل کالونی نمبر 4 میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے دو سگے بھائی جاں بحق ہوگئے۔ واقعے کی موبائل ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں دونوں بھائی سڑک پر جمع پانی میں گرے دکھائی دیتے ہیں جبکہ موقع پر موجود افراد نے بڑی کوشش کے بعد انہیں باہر نکالا۔
ایس ایچ او شاہ فیصل کالونی امتیاز حسین کے مطابق واقعہ منگل کی دوپہر پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی شناخت 21 سالہ مراد اور 12 سالہ سراج ولد سلطان کے نام سے ہوئی۔ ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ حادثہ زیرِ زمین بجلی کے کیبل میں کرنٹ آنے کے باعث ہوا۔ بدھ کو شاہ فیصل کالونی میں ان کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی اور بعدازاں مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔ دونوں بھائیوں کی میتیں جب ایک ساتھ گھر سے اٹھیں تو پورے علاقے میں کہرام مچ گیا، خواتین شدتِ غم سے نڈھال ہوگئیں اور فضا سوگوار ہوگئی۔
ادھر گلشن معمار نادرن بائی پاس کے قریب پانی سے بھرے گڑھے سے ایک 15 سالہ نوعمر لڑکے کی لاش ملی جسے پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد ایدھی سردخانے منتقل کیا۔
اسی طرح سائٹ سپر ہائی وے نیو سبزی منڈی سروس روڈ کے قریب اور نیو کراچی خمیسو گوٹھ ندی سے بھی دو افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ چھیپا حکام کے مطابق دونوں افراد کی عمریں تقریباً 65 سال کے قریب ہیں، تاہم شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔ لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے بعد عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا۔
مزید برآں، اورنگی ٹاؤن نمبر 7 میں ندی کے قریب سے ایک مسخ شدہ لاش ملی۔ پولیس کے مطابق لاش کئی ماہ پرانی ہے اور اصل وجہ موت پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی سامنے آئے گی۔
دریں اثنا، ایدھی حکام نے بتایا کہ سہراب گوٹھ الآصف ندی اور لیاقت آباد سی ون ایریا ندی میں دو بچوں کے ڈوبنے کی اطلاع پر ایدھی بحری خدمات کی ٹیمیں روانہ کی گئیں۔ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا تاہم رات کے اندھیرے کے باعث مشکلات پیدا ہوئیں اور دونوں بچے تاحال لاپتہ ہیں۔ حکام کے مطابق تلاش کا عمل آج جمعرات کی صبح دوبارہ شروع کیا جائے گا۔