چین کے وزیر خارجہ وانگ یی تین روزہ دورے پر بھارت پہنچے جہاں انہوں نے بھارتی ہم منصب ایس جے شنکر سے نئی دہلی میں ملاقات کی۔ توقع ہے کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کریں گے۔
وانگ یی نے ملاقات کے دوران زور دیا کہ دونوں ممالک کو درست اسٹریٹجک مفاہمت قائم کرنی چاہیے اور تعلقات کو باہمی ہم آہنگی اور باہمی فائدے کی بنیاد پر آگے بڑھانا ہوگا۔
بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے کہا کہ بھارت اور چین ایک مشکل دور سے نکلنے کے بعد اب تعلقات کو مثبت سمت میں لے جانا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق اختلافات کو تنازع میں اور مقابلے کو تصادم میں بدلنے سے ہر صورت گریز کیا جانا چاہیے۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیرف جنگ اور عالمی سیاست میں بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر بھارت اور چین اپنے تعلقات بہتر بنانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق چینی وزیر خارجہ رواں ہفتے اسلام آباد بھی آئیں گے، جبکہ بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ وزیر اعظم مودی اسی ماہ چین کا دورہ کر سکتے ہیں۔