اسلام آباد کی عدالت نے نیشنل سائبر کرائم ایجنسی (NCCIA) کی درخواست پر مشہور یوٹیوبر سعدالرحمن عرف ڈکی بھائی کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں 19 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
سماعت کے دوران ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ نے NCCIA سے آئندہ سماعت پر مکمل تفتیشی رپورٹ بھی طلب کرلی۔ ڈکی بھائی کی جانب سے معروف وکیل زین علی قریشی عدالت میں پیش ہوئے۔
ڈکی بھائی کے خلاف مقدمہ نمبر 196/2025 درج ہے، جس میں پیکا ایکٹ کی دفعات 13، 14، 25 اور 26 کے ساتھ ساتھ پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 420 اور 294-B بھی شامل ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق، وہ مبینہ طور پر آن لائن جوا فروغ دینے میں ملوث رہے اور مختلف گیمبلنگ ایپس کو اپنی ویڈیوز کے ذریعے پروموٹ کیا۔
تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے موبائل سے اہم شواہد حاصل کر لیے گئے ہیں اور آئندہ دنوں میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔