پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) نے دنیا کی بڑی کرکٹ فرنچائز لیگوں میں شاندار پرفارمنس دکھاتے ہوئے عالمی درجہ بندی میں دوسرا نمبر حاصل کرلیا، اور اس سے آگے صرف انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ہے۔
بی بی سی اسپورٹس نے “کریک وِز” کے تعاون سے دنیا کی بڑی ٹی ٹوئنٹی اور شارٹ فارمیٹ لیگوں کا تفصیلی تجزیہ کیا، جس میں آئی پی ایل، جنوبی افریقہ کی ایس اے 20، آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ، کیریبین پریمیئر لیگ، یو اے ای کی آئی ایل ٹی 20 اور انگلینڈ کی دی ہنڈرڈ شامل تھیں۔
اعداد و شمار کے مطابق پی ایس ایل نے فی میچ پہلی اننگز میں سب سے زیادہ اوسط اسکور (180 رنز) بنایا، جو آئی پی ایل کے 179 رنز سے معمولی زیادہ ہے۔ سنسنی خیزی میں بھی پی ایس ایل نے کمال دکھایا—تقریباً 27.5 فیصد میچز کا فیصلہ آخری اوور میں ہوا، جو آئی پی ایل کے بعد دوسرا سب سے بڑا تناسب ہے۔ چوکے اور چھکوں کی اوسط میں بھی پی ایس ایل نے دوسری پوزیشن سنبھالی۔
بین الاقوامی تجربے میں پی ایس ایل کی اوسط 351 انٹرنیشنل کیپس رہی، جو اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے، جب کہ آئی ایل ٹی 20 غیر ملکی کھلاڑیوں کی کثرت کے باعث پہلے نمبر پر رہی۔
“انٹرٹینمنٹ انڈیکس” میں مجموعی کارکردگی کے اسکور میں آئی پی ایل 5 میں سے 4.53 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، پی ایس ایل 3.90 کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔
2016 میں آغاز کے بعد، پی ایس ایل تیزی سے دنیا کی سب سے پسندیدہ لیگوں میں شامل ہوگئی ہے، جو بڑے اسکور، زبردست مقابلے، اور نوجوان پاکستانی ٹیلنٹ کو عالمی اسٹارز کے ساتھ کھیلنے کے سنہری مواقع فراہم کرتی ہے۔