پاکستان August 6, 2025 Shahbaz Sayed

“جنوبی وزیرستان میں ڈی سی کی گاڑی پر فائرنگ — ڈی سی محفوظ، اہلکار زخمی”

جنوبی وزیرستان اپر کے علاقے کوٹ اڈانہ کے قریب اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب ڈپٹی کمشنر عصمت اللہ وزیر اور اے ڈی سی ایف اینڈ پی کی گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی۔

پولیس کے مطابق، ڈی سی اور اے ڈی سی خوش قسمتی سے محفوظ رہے، تاہم واقعے میں اے ڈی سی کے محرر اعجاز اور پولیس اہلکار گل نواز گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئے۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب ڈپٹی کمشنر اور ان کا عملہ لدھا سے مکین جا رہا تھا۔ حملے کے فوراً بعد زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ارشد خان نے بتایا کہ حملے کے بعد ڈی سی عصمت اللہ وزیر اور دیگر اہلکاروں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔

حملے کی نوعیت اور حملہ آوروں کی شناخت کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔