بھارتی اداکارہ نندنی کشیپ کی گاڑی کی ٹکر سے طالبعلم ہلاک، عوامی غم و غصے کے بعد گرفتاری

بھارتی ریاست آسام میں ایک افسوسناک واقعے میں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے ایک طالبعلم، سمیع الحق، جاں بحق ہوگیا۔ وہ اپنے دوستوں کے ہمراہ سڑک کنارے پیدل چل رہا تھا کہ اچانک ایک گاڑی نے اسے کچل دیا۔ سمیع کے دوست خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔
حادثے کے فوری بعد متاثرہ طالبعلم کے ساتھیوں نے ایک اور کار سوار کی مدد سے فرار ہونے والی گاڑی کو روک لیا، جس میں آسام کی معروف اداکارہ نندنی کشیپ موجود تھیں۔ سمیع کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
حادثے کے روز ہی پولیس نے اداکارہ کی گاڑی کو اپنی تحویل میں لے لیا تھا، جبکہ بعد میں نندنی کشیپ کے خلاف لاپروائی سے گاڑی چلانے اور موت کا سبب بننے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
سمیع الحق کی ناگہانی موت پر عوام اور سوشل میڈیا صارفین میں شدید غم و غصہ دیکھنے میں آیا، جس کے باعث عوامی دباؤ بڑھا اور بالآخر اداکارہ کو حراست میں لیا گیا۔