ٹیپ بال کا میلہ، انعامی رقم نے سب کو حیران کر دیا — انضمام الحق اور سرفراز بھی داد دیے بغیر نہ رہ سکے

نیا ناظم آباد گراؤنڈ میں ٹیپ بال پریمیئر لیگ سیزن ٹو کا فائنل ہوا، اور اس بار کرکٹ صرف کھیل نہیں بلکہ ایک شاندار میلہ بن گئی۔
تقریب میں شریک پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ
“میرے دور میں تو ہارڈ بال کے ٹورنامنٹس میں بھی اتنی بڑی انعامی رقم نہیں ہوتی تھی!”
بات صرف انعامات تک محدود نہیں رہی—انضمام الحق نے یہ بھی سراہا کہ شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم کا رخ کر رہی ہے، اور ٹیپ بال کے اسٹار کھلاڑی اب عوامی ہیرو بن چکے ہیں۔
تقریب میں موجود سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد نے اپنے جذبات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ
“میں نے بھی اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں میں گلیوں میں ٹیپ بال کرکٹ کھیلی۔ آج جس مقام پر ہوں، اس میں ٹیپ بال کا بڑا کردار ہے۔”
انہوں نے مداحوں کے جوش و خروش اور ملک بھر میں اس سطح پر ٹیپ بال ایونٹس کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔
فائنل کی بات کریں تو میدان میں زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملا۔
ایس ایچ پیکجز نے سی ای اسپورٹس کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
-
سی ای اسپورٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آٹھ اوورز میں 3 وکٹوں پر 155 رنز بنائے۔
محمد اسامہ نے صرف 24 گیندوں پر 70 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ -
جواب میں ایس ایچ پیکجز نے 7.5 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔
کپتان اسد شاہ نے صرف 13 گیندوں پر 52 رنز کی دھماکہ خیز اننگز کھیلی، جبکہ فہد میاں چنوں نے 39 اور تیمور مرزا نے 33 رنز جوڑے۔
اختتامی تقریب میں نیا ناظم آباد جمخانہ کے صدر سید محمد طلحہ نے انعامات تقسیم کیے۔
-
فاتح ٹیم کو 50 لاکھ روپے اور چمچماتی ٹرافی دی گئی
-
رنراپ ٹیم 20 لاکھ روپے لے کر گئی
-
انضمام الحق اور سرفراز احمد نے بھی فائنل میچ کو بیٹھ کر دیکھا اور داد دی۔
ٹیپ بال اب صرف “گلی کرکٹ” نہیں رہی — یہ ایک عوامی جذبہ، مقبول اسپورٹ اور اب انعامی کرکٹ کا سنجیدہ میدان بنتی جا رہی ہے۔