پاکستان July 27, 2025 Shahbaz Sayed

ایف آئی اے بلوچستان کی بڑی کارروائی: حوالہ ہنڈی نیٹ ورک کے 5 کارندے گرفتار، کروڑوں کی کرنسی برآمد

ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے رفعت مختار راجہ کی ہدایت پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔

اسی سلسلے میں ایف آئی اے بلوچستان زون نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی کا کاروبار کرنے والے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار افراد کی شناخت اکمل خان، سیف اللہ، بشیر احمد، عبدالقیوم اور عبداللہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔

یہ تمام ملزمان کوئٹہ اور چمن کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران دھر لیے گئے۔

کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 6 لاکھ 84 ہزار پاکستانی روپے اور غیر ملکی کرنسی کی مد میں

  • 2 کروڑ 30 لاکھ 50 ہزار ایرانی ریال

  • 1 لاکھ 35 ہزار افغانی کرنسی

  • 700 امریکی ڈالر

  • 200 سعودی ریال

  • 150 آسٹریلوی ڈالر بھی برآمد کیے گئے۔

مزید برآمدگی میں چیک بکس، حوالہ ہنڈی سے متعلق رسیدیں اور بینک ڈیپازٹ سلپس شامل ہیں، جو اس غیر قانونی نیٹ ورک کی واضح نشان دہی کرتی ہیں۔

ترجمان کے مطابق ملزمان بغیر کسی قانونی لائسنس کے کرنسی ایکسچینج کے غیر قانونی دھندے میں ملوث تھے۔ دورانِ تفتیش وہ برآمد ہونے والی کرنسی سے متعلق تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کا مقصد ملک میں غیر قانونی مالی نیٹ ورکس کو توڑنا اور قومی معیشت کو محفوظ بنانا ہے، اور ایسی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔