سیاست July 27, 2025 Shahbaz Sayed

یلو لائن بی آر ٹی کا عالمی معیار پر قیام، شرجیل میمن کی ورلڈ بینک وفد کو بریفنگ

عالمی بینک کے اعلیٰ سطحی وفد نے کراچی میں جاری یلو لائن بی آر ٹی منصوبے کے سائٹ آفس اور جام صادق پل کے قریب تعمیراتی مقام کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے وفد کو منصوبے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ یلو لائن بی آر ٹی کا روٹ شاہراہِ نورجہاں سے کورنگی انڈسٹریل ایریا اور لانڈھی تک پھیلا ہوا ہوگا، جس سے روزانہ لاکھوں افراد مستفید ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ نہ صرف شہریوں کی نقل و حرکت کو سہل بنائے گا بلکہ کراچی میں معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ یلو لائن منصوبہ عالمی معیار کے مطابق مکمل ہو، اس میں وہی سہولیات شامل کی جا رہی ہیں جو دنیا کے جدید شہروں میں مہیا کی جاتی ہیں۔

وزیر ٹرانسپورٹ نے مزید بتایا کہ یلو لائن بی آر ٹی میں صرف الیکٹرک بسیں چلانے کا منصوبہ ہے تاکہ اسے مکمل طور پر ماحول دوست بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پہلی بار ای وی بسیں اور خواتین کے لیے پنک بس سروس متعارف کروائی گئی ہے جو اب کامیابی سے چل رہی ہیں۔ ای وی بسوں سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی بلکہ فیول اخراجات میں بھی نمایاں بچت ہوگی۔

شرجیل میمن نے اس موقع پر خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے شروع کی گئی ای وی اسکوٹر اسکیم کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 8 ہزار سے زائد خواتین اس اسکیم کے لیے درخواست دے چکی ہیں۔ ایک معروف فوڈ چین کمپنی بھی اس پروگرام میں تربیت کے عمل میں شراکت دار ہے تاکہ خواتین کو مکمل طور پر تیار کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ “یہ صرف ٹرانسپورٹ منصوبہ نہیں، بلکہ سماجی انقلاب کی بنیاد ہے۔”

وزیر ٹرانسپورٹ نے مزید بتایا کہ کراچی سرکلر ریلوے اور کراچی تا سکھر ہائی اسپیڈ ریل منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔ سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے حکومت نے اسپیشل اکنامک زونز قائم کیے ہیں، جہاں سرمایہ کاروں کو دس سالہ ٹیکس چھوٹ دی جا رہی ہے۔

شرجیل میمن نے اعتراف کیا کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے سے تعمیراتی لاگت میں فرق آیا ہے، تاہم حکومت اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔