“تاجک چیف آف جنرل اسٹاف کی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق”

آئی ایس پی آر کے مطابق تاجکستان کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف اور پہلے نائب وزیر دفاع، میجر جنرل سعیدزودا بوبوجون عبدالقادیر نے جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران ان کی ملاقات چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ہوئی۔
ملاقات میں خطے میں سیکیورٹی کی بدلتی صورتحال اور باہمی اسٹریٹیجک مفادات پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔
دونوں فوجی رہنماؤں نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان قریبی، برادرانہ تعلقات کو سراہا اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
میجر جنرل عبدالقادیر نے پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر معزز مہمان کو پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔