پاکستان July 24, 2025 Shahbaz Sayed

مستونگ میں فتنہ الہندستان کے خلاف کامیاب آپریشن، پاک فوج کے دو جوان شہید

آئی ایس پی آر کے مطابق 23 جولائی 2025 کو ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیم “فتنہ الہندستان” کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بنیادوں پر ایک مؤثر آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا، جس میں تین دہشت گرد واصلِ جہنم کیے گئے۔

تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے میں، پاک سرزمین کے دو سپوت مادرِ وطن پر قربان ہو گئے۔ میجر زید سلیم اوّل، جو فرنٹ لائن سے قیادت کر رہے تھے، دشمن کا دلیری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہادت کے اعلیٰ مقام پر فائز ہوئے۔ ان کے ساتھ سپاہی نظم حسین بھی شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیشِ نظر کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ان سپاہیوں کی قربانی ہمارا عزم مزید مضبوط کرتی ہے اور ہم بھارتی سرپرست دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پرعزم ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے آپریشن کی کامیابی پر سیکیورٹی فورسز کو سراہا اور جامِ شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہداء نے بہادری اور جانثاری کی نئی مثال قائم کی ہے، قوم ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف ہماری جدوجہد کو تقویت دیتی ہیں، اور حکومت ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔