کھیل July 24, 2025 Shahbaz Sayed

ایشیا کپ کے شیڈول پر ابھی فیصلہ نہیں ہو سکا، سیاست کو کھیل سے دور رکھنے پر اتفاق

ڈھاکا میں ہونے والے اہم اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی محسن نقوی نے کی، جس میں ایشیا کپ سمیت کئی معاملات پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔ بھارت کی جانب سے راجیو شکلا نے آن لائن شرکت کی، مگر ایشیا کپ کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہ آ سکا۔

اجلاس کے بعد محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میٹنگ خوشگوار ماحول میں ہوئی، اور سب اراکین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ کے معاملے پر بھارتی بورڈ سے رابطہ جاری ہے اور امید ہے جلد شیڈول پر اتفاق رائے ہو جائے گا۔

دوسری جانب یہ بھی واضح ہوا کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے آج کے اجلاس میں 5 سے 21 ستمبر تک ایشیا کپ دبئی اور ابوظہبی میں منعقد کرنے کی تجویز دی گئی تھی، جس کی باقاعدہ منظوری متوقع تھی۔

ایونٹ میں پاکستان، بھارت، افغانستان، بنگلا دیش، سری لنکا، یو اے ای، عمان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔ اس سے قبل پاکستان، افغانستان اور یو اے ای کے درمیان سہ ملکی سیریز بھی دبئی میں ہی کروائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔