سیاست July 22, 2025 Shahbaz Sayed

سینیٹ انتخابات پارٹی مشاورت سے فائنل کیے، مرزا آفریدی کو خود بانی پی ٹی آئی نے نامزد کیا: بیرسٹر گوہر

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخابات خوش اسلوبی سے مکمل ہوئے ہیں اور پاکستان تحریک انصاف نے اپنے تمام امیدوار بانی پی ٹی آئی کی مشاورت سے فائنل کیے۔

انہوں نے واضح کیا کہ مارچ 2024 میں تمام فیصلے مکمل ہو چکے تھے، تاہم مخصوص نشستوں کے باعث عمل میں تاخیر ہوئی۔ جب ان نشستوں کا فیصلہ ہوا تو پارٹی نے اندازہ لگایا کہ متوقع سیٹیں شاید کم ہوں، لیکن نتیجے میں چھ نشستیں ملنا بہتر ثابت ہوا۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے بعد پریس کانفرنس کرنے والے افراد کو ٹکٹ دیے جانے کی خبریں درست نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرزا آفریدی کا نام بھی خان صاحب نے خود فائنل کیا اور وہ پارٹی بیانیے کے ہمیشہ حامی رہے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مرزا آفریدی نے کبھی پارٹی کے خلاف بیان نہیں دیا، اور وہ مستقل پارٹی مفادات کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ دو سال گزر چکے ہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ سختیاں ختم ہوں اور پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کی راہ ہموار کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے حوالے سے عدالتی فیصلے موجود ہیں مگر ان پر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔ آخری ملاقات بیرسٹر سیف اور بعد ازاں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی ہوئی، جن پر بلا وجہ شکوک و شبہات کا اظہار کیا جا رہا ہے، جو کہ غلط تاثر ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی میں لوگوں کو نکالنے کی ضرورت نہیں پڑتی، لوگ اپنے فیصلے خود کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی اس احتجاج کو جیل سے لیڈ کریں گے اور اب مذاکرات کا وقت ختم ہو چکا ہے، آئندہ جو بھی فیصلے ہوں گے وہ خان صاحب کی ہدایت پر ہوں گے۔