پاکستان July 19, 2025 Shahbaz Sayed

ملک گیر تاجر ہڑتال: اسلام آباد معمول پر، دیگر شہروں میں کاروبار بند

ایکسپریس نیوز کے مطابق، ایف بی آر کو دیے گئے اضافی اختیارات کے خلاف ملک بھر میں تاجروں کی جانب سے ہڑتال کی کال پر عملدرآمد میں فرق دیکھنے میں آیا ہے۔

اسلام آباد میں کاروبار زندگی معمول کے مطابق جاری ہے اور تمام بڑی مارکیٹیں اور اسٹورز کھلے ہیں۔

دوسری طرف کراچی سمیت ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں کاروباری سرگرمیاں جزوی یا مکمل طور پر بند ہیں۔

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر جاوید بلوانی نے کہا ہے کہ “آج کی ہڑتال کے فیصلے پر قائم ہیں، حکومت نے ہمیں تحریری یقین دہانی نہیں کرائی، اس لیے ہم نے ہڑتال برقرار رکھی ہے”۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر آئندہ ملاقات تک مطالبات پر کوئی تحریری عملدرآمد نہ ہوا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیا جائے گا۔

کراچی کے جوڑیا بازار، الیکٹرانکس و موبائل مارکیٹ، فروٹ و سبزی منڈی سمیت دیگر کاروباری مراکز بند رہے۔ آل پاکستان ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن اور شہر کی ٹرانسپورٹ تنظیموں نے بھی ہڑتال کی حمایت کی ہے۔

لاہور میں بھی لاہور چیمبر آف کامرس اور انجمن تاجران کے تمام گروپ ہڑتال میں شریک ہیں۔

شہر کے اندرون علاقوں سمیت شاہ عالم مارکیٹ، اکبری منڈی، انارکلی، مال روڈ، ہال روڈ، منٹگمری روڈ کی مارکیٹیں مکمل طور پر بند ہیں۔

سمن آباد، اچھرہ، عابد مارکیٹ، گلبرگ، کینٹ، ڈیفنس، مغلپورہ، شاہ عالمی، پاکستان کلاتھ مارکیٹ، پیپر مارکیٹ، ہال روڈ اور نیلا گنبد سمیت کئی علاقے جزوی یا مکمل شٹر ڈاؤن کا منظر پیش کرتے رہے۔

تاجر رہنما حاجی مقصود بٹ نے کہا ہے کہ “تاجر برادری کو ہراساں کیا گیا تو ہڑتال جاری رہے گی، آج کی ہڑتال کامیاب رہی اور تاجروں نے اتحاد کا ثبوت دیا ہے”۔

ادھر حیدرآباد میں بھی ایف بی آر کے اختیارات اور تاجر برادری کو ہراساں کیے جانے کے خلاف ہڑتال کی گئی۔

اناج منڈی، گل سینٹر، تلک چاڑی روڈ، الیکٹرانکس مارکیٹ، ریشم بازار، قاضی عبدالقیوم روڈ اور کینٹ بازار مکمل بند رہے جبکہ دیگر مارکیٹیں جزوی طور پر کھلی رہیں۔

پشاور، کوئٹہ اور ملک کے دیگر شہروں سے بھی کاروبار کی بندش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔