پاکستان July 19, 2025 Shahbaz Sayed

پنجاب کے 22 اضلاع میں مفت وائی فائی سروس، دائرہ کار مزید وسیع

لاہور — وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے بھر میں مفت وائی فائی سروس کے دائرہ کار کو مزید بڑھا دیا گیا ہے، جس سے شہریوں کو انٹرنیٹ تک باآسانی رسائی حاصل ہو رہی ہے۔

ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق لاہور میں فری وائی فائی پوائنٹس کی تعداد 230 سے بڑھا کر 430 کر دی گئی ہے، جب کہ پنجاب کے اضلاع میں اس سروس کا دائرہ 11 سے بڑھا کر 22 اضلاع تک پھیلا دیا گیا ہے۔

اب تک 710 مقامات پر مفت انٹرنیٹ دستیاب ہے، جن میں لاہور، قصور، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، سیالکوٹ، گجرات، جہلم، اٹک، حسن ابدال، ساہیوال، اوکاڑہ اور مری شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق، فری وائی فائی سروس کو جدید ٹیکنالوجی “وائی فائی 6” پر منتقل کر دیا گیا ہے، جس سے انٹرنیٹ کی رفتار اور معیار میں نمایاں بہتری آئے گی۔

سیف سٹیز کا کہنا ہے کہ اب تک 37.22 ملین سے زائد صارفین نے مجموعی طور پر 905 ٹیرا بائٹ ڈیٹا استعمال کیا ہے۔ شہری فری وائی فائی کے ذریعے تعلیم، ملازمت، صحت اور دیگر روزمرہ سرگرمیوں میں سہولت حاصل کر رہے ہیں۔

ترجمان نے واضح کیا کہ یہ سروس ایمرجنسی اور ضروری استعمال کے لیے فراہم کی گئی ہے اور اسے ویڈیو اسٹریمنگ یا تفریحی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔

حکام کا کہنا ہے کہ فری وائی فائی سروس جلد پورے پنجاب میں دستیاب ہو گی، جس کا مقصد صوبے کو ڈیجیٹل پنجاب میں تبدیل کرنا ہے۔