سیاست July 19, 2025 Shahbaz Sayed

آرمی چیف کے دورہ امریکا کے بعد پاک-امریکا تجارتی تعلقات میں مثبت پیش رفت، بلوم برگ رپورٹ

معروف امریکی جریدے بلوم برگ نے انکشاف کیا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے حالیہ دورہ واشنگٹن کے بعد پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی مذاکرات میں حوصلہ افزا اور واضح پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، جنرل عاصم منیر کو وائٹ ہاؤس میں صدرِ امریکا کی جانب سے غیر معمولی خیرمقدم دیا گیا، جو دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کا اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔

بلوم برگ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پاکستان نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کی سفارش کی جبکہ اپریل میں پاکستان اور ٹرمپ فیملی کی کمپنی “ورلڈ لبرٹی فنانشل” کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط بھی ہوئے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنرل منیر کے دورے کے بعد، واشنگٹن اور اسلام آباد کے درمیان طویل عرصے بعد بامعنی تجارتی مکالمہ بحال ہوا ہے، جس میں ٹیرف میں کمی، تجارتی توازن، درآمدات و برآمدات کے فروغ جیسے اہم موضوعات پر بات چیت ہو رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ان دنوں امریکا میں بھرپور انداز میں متحرک ہیں اور کوشش کر رہے ہیں کہ اگست کی ڈیڈلائن سے قبل کسی تجارتی معاہدے کی راہ ہموار کی جا سکے۔

بلوم برگ کا کہنا ہے کہ امریکا نے پاکستان کو ایک تفصیلی فہرست فراہم کی ہے، جس میں ٹیرف و نان-ٹیرف رکاوٹوں میں کمی سمیت کئی تجاویز شامل ہیں۔ پاکستان چاہتا ہے کہ مخصوص مصنوعات پر عائد 29 فیصد تک کے ٹیرف میں چھوٹ حاصل کی جائے تاکہ تجارتی خسارے میں کمی لائی جا سکے، جو اس وقت تقریباً 3 ارب ڈالر ہے۔

واضح رہے کہ امریکا پاکستان کی برآمدات کی سب سے بڑی منڈی ہے، اور پاکستان چین کے بعد امریکی کپاس کا دوسرا سب سے بڑا خریدار بھی ہے۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان نے سویابین اور کپاس کی درآمدات بڑھانے کی بھی پیشکش کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، اگرچہ حکومت کو جولائی کے اوائل میں معاہدہ مکمل ہونے کی توقع تھی، تاہم مذاکرات کی رفتار کچھ سست رہی ہے، لیکن اب آرمی چیف کے دورے سے پیدا ہونے والی نئی فضا میں کسی باضابطہ تجارتی معاہدے کی توقع کی جا رہی ہے۔