پاکستان August 3, 2025 Shahbaz Sayed

6 اور 7 اگست کو شدید بارشوں کی پیشگوئی، لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے کا خدشہ

محکمہ موسمیات پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ 6 اور 7 اگست کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، بالائی پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارشیں متوقع ہیں، جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، مری اور گلیات میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

سیاحوں کو خاص طور پر محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، کیونکہ مری، گلیات اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔

اسی طرح شمال مشرقی بلوچستان میں بھی بارش اور آندھی کا امکان ہے، جس سے نشیبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں۔ شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے متعلقہ ضلعی اور ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

مزید کہا گیا ہے کہ شہری اور سیاح موسمی صورت حال سے مسلسل آگاہ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔